نئی دہلی، 26؍دسمبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )نوٹ بند ی کے بعد دہلی میں کیش وین میں ہوئی پہلی لوٹ کے معاملے میں دہلی پولیس نے تین ملزمان کوگرفتارکرلیاہے۔19؍دسمبر کو پانڈو نگر میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں کیش ڈالنے آئی کیش وین کے عملے سے ہوئی 10لاکھ کی لوٹ ہوئی تھی۔اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں نظرآرہا ہے کہ کس طرح محض20سیکنڈ میں بدمعاشوں نے 10لاکھ روپے کے نئے نوٹ لوٹ لئے اور بھیڑ تماشائی بنی رہی۔ملازمین سے پلسرموٹرسائیکل پر سوار تین بدمعاشوں نے لوٹ کی اس واردات کو انجام دیا تھا ۔سی سی ٹی وی میں آپ صاف دیکھ سکتے ہیں کہ پہلے ٹوپی اور مفلر پہنے ایک نوجوان آتا ہے ،جیسے ہی کیش وین کا ملازم نیچے اترتا ہے ، اس کا دوسرا ساتھی کیش وین کے گارڈ سے بندوق چھننے کی کوشش کرتا ہے، جب وہ کامیاب نہیں ہوتا ہے تو اسے وین کے پیچھے لے جاتا ہے۔اس درمیان ٹوپی اورمفلروالا شخص پستول نکال کر فائرنگ کر دیتا ہے، جس سے تمام لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگتے ہیں، جس کے بعدٹوپی اورمفلروالانوجوان کیش وین سے نوٹوں سے بھرا بریف کیس لے کر اپنے ساتھیوں کے ساتھ آسانی سے لے کرفرارہوجاتاہے۔